یار تجھ سے کہا ہے نا مت دے
عمر بالخیر کی دعا مت دے
اے مرے خیرخواہ! بس، رک جا
اب دعا دے مجھے، دوا مت دے
یار! اچھا میں مسکراتا ہوں
تو مجھے اسکا واسطہ مت دے
جانتا ہوں میں اپنی قسمت کو
جانے دے مجھکو حوصلہ مت دے
ضبط کا آخری کنارہ ہے
لوٹ آ، اس قدر سزا مت دے
دیکھ، میں تیرا یار ہوں بس کر
کم سے کم مجھ کو تو دغا مت دے
مجھ سے مت پوچھ اس کے بارے میں
میرے زخموں کو تو ہوا مت دے
اپنے پہلو میں سر کو رکھنے دے
دل میں بے شک مجھے جگہ مت دے
دیکھ کر لوگ مجھ سے کترائیں
عمر اتنی مرے خدا مت دے
مجھ کو مرنا ہے یار کے غم میں
مجھ کو سلمان آسرا مت دے
سلمان منیر خاور