امریکہ: شاہ رخ سے پوچھ گچھ

[RIGHT]بالی وڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کو امریکہ کے نیوارک ایئر پورٹ پر دو گھنٹے تفتیش کے لیے روکا گیا ہے۔ شاہ رخ ممبئی سے نیوجرسی جارہے تھے جب اہلکاروں نے دو گھنٹے تک ان سے تفتیش کی۔
مختلف نجی ٹی وی چینلوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ جو ہوا وہ افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ یہ سلوک اس لیے ہوا کیونکہ ان کا نام شاہ رخ خان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شناخت کی وجہ سے ان کے ساتھ یہ سلوک ہوا ہے۔
ادھر ہندوستان کی انفارمیشن براڈ کاسٹنگ کی وزیر امبکا سونی نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔
وہیں بالی وڈ کے نامور ہدایت کار اور شاہ رخ کے دوست کرن جوہر نے کہا ہے کہ اس واقعے کے بعد وہ صدمے میں۔
ہدایت کار مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد یہ صاف ظاہر ہے کہ امریکہ کے سسٹم میں سدھار کی ضرورت ہے۔
اطلاعات کے مطابق جس افسر نے انہیں روکا تھا وہ ان سے مختلف قسم کے سوالات کرتا رہا۔ انہیں ایک گھنٹے تک کسی کو فون تک کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کچھ دیر بعد امریکہ میں موجود ہندستانی سفارت خانے کی مداخلت کے بعد خان کو جانے کی اجازت دی گئی۔
شاہ رخ خان کو جنوبی ایشیائی کمیونٹی نے امریکہ کے شہر نیوجرسی میں یوم آزادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ خان نے اس افسر کو وہ دعوت نامہ بھی دکھایا، امیگریشن کے دیگر حکام نے بھی خان کو پہچانا لیکن اس کے باوجود انہیں اس وقت تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی جب تک ہندستانی سفارت خانے نے شاہ رخ خان کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
خان یا مسلم نام کے ساتھ امریکہ میں اس طرح کا سلوک کچھ نیا نہیں ہے۔ بالی وڈ اداکار اور ہالی وڈ فلموں میں کام کرنے والے عرفان خان بھی اس دور سے گزر چکے ہیں۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ مانا امریکہ سپر پاور ہے لیکن وہ اس کا استعمال صحیح طریقہ سے کیوں نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے امریکہ انٹیلیجنس کو ناکارہ بتایا ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی انٹیلی جنس بہتر ہوتی تو وہ اس شخص کو گرفتار کرتی جس کی انہیں تلاش ہے۔ اس طرح وہ کسی بھی با عزت مسلمان یا خان نام کے شخص کو ایئر پورٹ پر روک کر انہیں بے عزت نہیں کر سکتے۔
عرفان خان نے مزید کہا کہ ہندستانی حکومت کو امریکہ سے سخت لفظوں میں اس کی مذمت کرنی چاہیے ورنہ ان کے شہریوں کی اسی طرح بے عزتی ہوتی رہے گی۔
عرفان کے ساتھ ماضی میں ایسا کئی مرتبہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ ان کے کپڑے اتروا کر انہیں مکمل طور پر چیک کیا گیا جبکہ وہ کئی مرتبہ کہہ چکے تھے کہ وہ بالی وڈ سٹار ہیں اور انہیں امریکہ میں بھی لوگ جانتے ہیں۔ خان نے کہا ہے کہ جب تک یہ سب بند نہیں ہو جاتا اب وہ کبھی امریکہ جانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے ہیں اس لیے انہوں نے ایسی کئی فلموں کی پیشکش ٹھکرا دی جس میں شوٹنگ امریکہ میں ہونے والی تھی۔
شاہ رخ نے حال ہی میں امریکہ میں مائی نیم از خان کی شوٹنگ کی ہے۔ کرن جوہر کی اس فلم کے دیگر کئی فنکاروں کو ویزا تک نہں ملا جس کی وجہ سے اس فلم میں اداکار عامر علی کے بجائے جمی شیر گل کو لیا گیا تھا۔
بالی وڈ نے خان کے ساتھ اس طرح کے سلوک کی بہت سخت لفظوں میں مذمت کی ہے۔
اس واقعہ سے پہلے ہندوستان کے سابق صدر اے پی جے عبدلکلام کے ساتھ ایک امریکی ایئرلائنز نے جانچ کی تھی جس کے بعد بڑا تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔
BBC

[/RIGHT]