Human Rights Comission Report on 12 May

Asma Jahangir of HRC of Pakistan holds Sindh government and MQM responsible for 12 May massacre.

ایک سو چوبیس صفحات پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ میں اخباری خبریں، تصاویر، مختلف ٹی وی چئنلس پر نشر کی گئی خبریں شایع کی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں عینی شاہدین کے بیانات بھی شامل کئے گئے ہیں ۔
رپورٹ کے اجراء کے موقع پر کمیشن کی چیئر پرسن عاصمہ جہانگیر نے سندھ حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کو بارہ میی کے واقعات کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کی تحقیقات کے لیے اعلی سطحی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
بارہ مئی دو ہزار سات کو کراچی میں اس وقت ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جب اس وقت معطل چیف جسٹس، جسٹس افتخار محمد چوھدری سپریم کورٹ کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں بار کی جانب منعقدہ تقریب سے خطاب کرنے کے لیے کراچی آ رہے تھے۔ ان ہنگاموں میں ساٹھ سے زائد لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
عاصمہ جہانگیر نے پیر کو کمیشن کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’اگرچہ شواہد کے مطابق واقعات کے ذمہ دار سندھ حکومت اور ایم کیو ایم ہیں تاہم اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ جب دہشتگرد شہر کے اندر کھلے عام لوگوں کو قتل کر رہے تھے تب پولیس کو ان کے خلاف کارروائی کرنے سے کس نے روکا، ان واقعات کا کون کتنا ذمہ دار ہے، سندھ حکومت کیوں ان پر کنٹرول نہ کر سکی


عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ واقعات کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کر اس واقعے کے ذمہ داران کو بے نقاب کیا جائے تا کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔ انہوں خدشہ ظاہر کیا کہ اگر تحقیقات کر کے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پھر آنے والے عام انتخابات میں پرتشدد واقعات ہو سکتے ہیں۔
عاصمہ جہانگیر نے بتایا کہ یہ رپورٹ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کو بھیجی جا رہی ہے جبکہ اس کے علاوہ یہ رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں بھی پیش کی جائے گی جہاں ان واقعات سے متعلق کیس زیرِ سماعت ہے۔