ہم دیکھیں گے
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے
ہم دیکھیں گے
وہ دن کہ جس کا وعدہ ہے۔۔۔ہم دیکھیں گے
جو لوحِ ازل پہ لکھا ہے۔۔۔ہم دیکھیں گے
جب ظلم و ستم کے کوہِ گراں،
روئی کی طرح اُڑ جائیں گے
ہم محکوموں کے پاوں تلے،
یہ دھرت گڑگڑگڑ کے گی
اور اہلِ حکم کے سروں پر،
جب بجلی کڑ کڑ کڑکے گی
ہم دیکھیں گے
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے
ہم دیکھیں گے
جب ارضِ خدا کے کعبہ سے،
سب بت اٹھوائے جائیں گے
ہم اہلَ صفا مردودِ حرم،
مسند پہ بٹھائے جائیں گے
سب تاج اُچالے جائین گے،
سب تخت گرائے جائیں گے
ہم دیکھیں گے
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے
ہم دیکھیں گے
بس نام رہے گا اللہ کا
جو غائب بھی ہے حاضر بھی
جو منظر بھی ہے ناظر بھی
اٹھے گا انا الحق کا نعرہ
جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو
اور راج کرے گی خلقِ خدا
جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو
ہم دیکھیں گے
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے
ہم دیکھیں گے
وہ دن کہ جس کا وعدہ ہے۔۔۔ہم دیکھیں گے
جو لوحِ ازل پہ لکھا ہے۔۔۔ہم دیکھیں گے