Dil-e-bekhabar zara hausla..

[urdu][RIGHT]دلِ بے خبر ذرا حوصلہ

کوئی ایسا گھر بھی ہے شہر میں جہاں ہر مکین ہو مطمئِن

کوئی ایسا دن بھی کہیں پہ ہے جسے خوفِ آمدِ شب نہیں

یہ جو گرد بادِ زمان ہے، یہ ازل سے ہے، کوئی اب نہیں

دلِ بے خبر ذرا حوصلہ

یہ جو خار ہیں تیرے پاؤں میں، یہ جو زخم ہیں تیرے ہاتھ میں

یہ جو خواب پھرتے ہیں در بدر، یہ جو بات الجھی ہے بات میں

یہ جو لوگ بیٹھے ہیں جا بجا ، کسی ان بنے سے دیار میں

سبھی ایک جیسے ہیں سرگراں، غمِ زندگی کے فشار میں

یہ سراب یوں ہی صدا سے ہیں، اسی ریگزارِ حیات میں

یہ جو رات ہے تیرے چار سُو، نہیں صرف تیری ہی گھات میں

دلِ بے خبر ذرا حوصلہ

تیرے سامنے وہ کتاب ہے جو بکھر گئی ہو ورق ورق

ہمیں اپنے حصے کے وقت میں، اسے جوڑنا ہے سبق سبق

ہیں عبارتیں ذرا مختلف، مگر ایک اصلِ سوال ہے

جو سمجھ سکو تو یہ زندگی کسی ہفت خواں کی مثال ہے

دلِ بے خبر ذرا حوصلہ، نہیں مستقل کوئی مرحلہ

کیا عجب کے کل کو یقین بنے، یہ جو مضطرب سا خیال ہے

کسی روشنی میں ہو منقلب، کسی سر خوشی کا نقیب ہو

یہ جو شب نما سی ہے بے دلی، یہ جو زرد رو سا ملال ہے

دلِ بے خبر ذرا حوصلہ

دلِ بے خبر ذرا حوصلہ

ا****مجد اسلام امجد

[/RIGHT]

[/urdu]

Re: Dil-e-bekhabar zara hausla..

Buhat he dil soz hai ... zabardast yaar.

Re: Dil-e-bekhabar zara hausla..

Beautiful Sharing GuL-e-Tasbeeh..:k: